اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بھارت سے داعش میں شمولیت کے لئے جانے والے 3 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ نئی دہلی سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور تلنگانہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ناگپور کے بابا صاحب امبیڈکر انٹرنیشنل ائرپورٹ سے تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کئے گئے تینوں نوجوان طالبعلم ہیں جبکہ ان کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔ تینوں نوجوان بھارتی ریاست حیدرآباد کے رہائشی ہیں جو کہ بس کے ذریعے ناگپور آئے تھے اور ہندوستان کی نجی ائر لائن انڈیگو کے ذریعے سرینگر جانا چاہتے تھے۔
یہ نوجوان 2 روز قبل گھر سے روانہ ہوئے تھے جس کے بعد ان کے خاندانوں نے تلنگانہ پولیس کے پاس رپورٹ درج کروا دی تھی، جس پر پولیس نے ’’اے ٹی ایس‘‘ کو مطلع کیا، اے ٹی ایس نے جلد ہی نشاندہی کر لی کہ یہ تینوں جہاز سے سرینگر جانے والے ہیں۔ واضح رہے کہ شام اور عراق میں سرگرم تکفیری دہشتگرد گروہ داعش میں ہندوستان سے نوجوانوں کی شمولیت میں تیزی آتی جا رہی ہے۔ قبل از ایں سکیورٹی اداروں نے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا، ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ افراد افغانستان جانا چاہتے تھے۔
گزشتہ ہفتے ایک 16 سالہ لڑکی کو حراست میں لیا گیا تھا جو کہ پونے کالج کی طالبہ تھی اور راجستان سے گرفتار ہونے والے داعش کے ایک مبینہ رابطہ کار سے رابطے میں تھی۔ ہندوستان ٹائمز نے ایک اور رپورٹ میں بتایا تھا کہ یہ لڑکی مبینہ طور پر داعش میں شمولیت کے لئے شام جانا چاہتی تھی۔ خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں داعش ایشیاء ممالک کی جانب توجہ دے رہی ہے۔ 4 ماہ قبل ہندوستان کے ایک ہزار سے زائد علماء نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں داعش کو غیر اسلامی قرار دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ 2014ء میں دسمبر میں شدت پسند تنظیم پر پابندی عائد کی تھی اور داعش کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲